لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب بھر میں کھلے اور ٹوٹے مین ہولز کی مرمت اور ذمے دار افسران کے خلاف کاروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ متفرق درخواست اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی جس میں وفاقی و پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کھلے مین ہولز شہریوں کی زندگی اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، رائے ونڈ لاہور میں کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا ، متعلقہ اداروں کی غفلت شہری اپنی قیمتی جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
کھلے مین ہولز کی نشاندہی کے لیے مستقل مانیٹرنگ اور کمیونٹی رپورٹنگ نظام قائم کرنا ضروری ہے ۔ استدعا ہے کہ عدالت کھلے مین ہولز کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا حکم دے ، پنجاب بھر میں کھلے مین ہولز اور قابل مرمت مین ہولز کی رپورٹ طلب کی جائے اور عدالت کھلے مین ہولز کی مرمت کا حکم دے ۔









