لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب میں یکم اپریل سے ان ڈور اور آوٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی، پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ ،صوبے بھر میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی اختیار کی جائے گی،ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا جائے گا،ماسک نہ پہننے والے ڈرائیور کی گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کئے گئے، اور کورونا کی شدت کے پیش نظر سخت اقدامات کی توثیق کی گئی۔
کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی منظوری دے دی، جس کے بعد صوبے بھر میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔فیصلوں کے مطابق یکم اپریل سے ان ڈور اور آٹ ڈور شادیوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اجلاس میں پارکس اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔
صوبے میں مذہبی، سیاسی، سماجی، اور ثقافتی اجتماعات اور ہر طرح کی کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی،اور ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا جائے گا، جب کہ ماسک نہ پہننے والے ڈرائیور کی گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی، صوبے میں مارکیٹس کا ٹائم 6 بجے تک کا ہوگا، جب کہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔









