حلیم عادل شیخ 65

پنجاب میں سیلابی تباہ کاریاں، حکومت کی ناکامی عیاں ہے: حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ملک بھر میں پیدا ہونے والی تباہ کن سیلابی صورتحال پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب بھر میں ہونے والی سیلابی تباہ کاریاں حکومت کی مجرمانہ غفلت اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں حکومت نے عوام کو سیلاب سے بچانے کے لئے کوئی موثر اقدامات نہیں اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دریاں میں پانی چھوڑنا پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کے مترادف ہے، لیکن وفاقی و پنجاب حکومتیں عوام کو بچانے کے بجائے سیاسی کھیل کھیل رہی ہیں، جس کے باعث سیلاب متاثرین بے یار و مددگار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت ریسکیو نہ ہونے پر حکمرانوں کو قوم کے سامنے جواب دینا ہوگا۔حلیم عادل شیخ نے خبردار کیا کہ پنجاب سے گزرنے کے بعد سیلابی پانی سندھ میں داخل ہوگا، اس لئے سندھ حکومت فوری طور پر حفاظتی انتظامات مکمل کرے۔

انہوں نے پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے رہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور سمیت پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں لیکن حکومت غائب ہے۔ بھارتی ڈیموں سے چھوڑے گئے لاکھوں کیوسیکس پانی نے پنجاب میں انسانی المیہ پیدا کردیا ہے، مگر حکومت کے پاس سیلاب متاثرین کی جان و مال بچانے کے لئے کوئی ایمرجنسی پلان موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت متاثرین کے ساتھ رہیں، سرپرست اعلی پی ٹی آئی عمران خان کا مشن ہے۔

سندھ اور پنجاب دونوں صوبوں میں عوام حکومتی نااہلی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پنجاب کے اضلاع لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ شدید متاثر ہیں جبکہ گرودوارہ کرتارپور صاحب میں سیلابی پانی داخل ہوچکا ہے جس میں 100 سے زائد افراد محصور ہیں، جنہیں فوری طور پر ریسکیو کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے حکومت فوری اور عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان تحریک انصاف عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں