لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں بزنس کوفرینڈلی اور رسک فری بنا رہے ہیں ، سرمایہ کاروں کے لیے سی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بنا رہے ہیں،پاکستان اورسعودی عرب کی عوام اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں ، پاکستان کی تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون میں زیرواین او سی کی پالیسی لارہے ہیں ، سرمایہ کاروں کے لیے سی ایم آفس میں خصوصی ڈیسک بنا رہے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی معاونت کر کے تعلق نبھایا ، پاکستان اورسعودی عرب کی عوام اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں ، پاکستان کی تعمیر وترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
سعودی سفیر نے وزیراعلی عثمان بزدار کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت ، عثمان بزدار نے شکریہ کے ساتھ دعوت قبول کر لی۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول اور سماجی شعبوں میں بہتری کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور منفرد ہیں ، پاکستان ہر نعمت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ، بیرون ملک سے سیاحوں کے آنے سے پاکستان کا امیج مزید بہتر ہوسکتا ہے ، پاکستان بالخصوص پنجاب کی عوام کی سعودی عرب سے محبت کی قدر کرتے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ا خوت کا مثالی رشتہ ہے ، سعودی عرب اور پاکستان کی عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئی ہیں ، سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔ واضح رہے کہ اس موقع پر چیئرمین پی بی آئی ٹی اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔