لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پرانوسٹر ہیلپ لائن کے قیام کے لئے قائم کردہ انٹر ا ڈیپارٹمنٹل کمیٹی کا صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں انوسٹر ہیلپ لائنکو حتمی شکل دی گئی۔چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبا ل نے انوسٹر ہیلپ لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے تیار کردہ انوسٹر ہیلپ لائن کا جلد افتتاح کریں گے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں انوسٹرہیلپ لائنکا قیام سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بڑا اقدام ہے اورانوسٹرہیلپ لائن کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو بزنس رجسٹریشن، شکایات کے ازالے، مسائل کے حل اور کاروبار کے لئے معلومات ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل اور ٹیلی فون پر درج ہونے والی بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ کا میکانزم بنالیا گیا ہے اورشکایات کے اندارج سے لیکر ان کے حل تک کی مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ کے لئے وفاقی اور صوبائی محکموں میں فوکل پرسنز مقرر کردیئے گئے ہیں۔متعلقہ اداروں کو سرمایہ کاروں کے مسائل اور شکایات کے ازالہ کا قانونی طور پر پابند بنایا جائے گا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سٹیزن کانٹیکٹ سینٹر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو معلومات کی فراہمی کے ساتھ ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے خدمات مہیا کرئے گا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج اور آن لائن بزنس رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنایا جائے۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو کاروبار کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ اور سہولتوں کی فراہمی کے نظام کو موثر بنایا جائے گا۔ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال نے کہا کہ انوسٹر ہیلپ لائن کے نظام کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں تمام سپیشل اکنامک زونز، انڈسٹریل اسٹیٹس اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹس شامل ہوں گی۔ایڈیشنل سیکرٹری کامرس اعجاز خان، چیف آپریٹنگ آفیسرپنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، سٹیزن کانٹیکٹ کے جوائنٹ ڈائریکٹر علی زیباور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔