لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ پنجاب روز گارا سکیم پنجاب کی صنعتی ترقی میں انقلابی قدم ثابت ہوگی کاروبار کے فروغ ،قابل عملی کاروباری پلان کے ساتھ نئے کاروبار،ماحول دوست اور وسائل کے موثر استعمال کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے 1لاکھ سے1کروڑ روپے تک انتہائی کم شرح مارک اپ کے2سے5سال میں واپس کے قرضہ جات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ بھر پور استفادہ کرے گا.
اور صوبہ بھر میں نئے کاروبار اور نئی صنعتوں کے قیام سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم میں قرض کی منظوری 20روز میں مکمل جبکہ قرض کی واپسی کی مدت2سے 5سال اور گریس پیرڈ 6ماہ ہونے سے یہ سکیم صوبے میں معاشی و کاروباری سرگرمیاں بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی،پنجاب روزگار سکیم سے حکومت کا صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اور پنجاب ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔