لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی ایکٹ 2025 عوامی نمائندگی کو کمزور، اختیارات کو بیوروکریسی کے تابع اور بلدیاتی نظام کو بے اثر کرنے کی سازش ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، اس کالے قانون کے خلاف امیرجماعت اسلامی حافظ نعم الرحمان کی ہدایت پر 21 دسمبر کو پنجاب کے تمام ڈویژنل مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت جماعت اسلامی کی مرکزی، ضلعی اور مقامی قیادت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں دن 1بجے پریس کلب ضلع کونسل چوک پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ، جس کی قیادت امیر ضلع محبو ب الزمان بٹ کریں گے ۔ گوجرانوالہ میں 1بجے غلام حسین پارک بالمقابل سٹی ٹریفک پولیس آفس جی ٹی روڑ پر احتجاجی دھرنا ہوگا جس کی قیادت امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا کریں گے ۔ساہیوال میں پاکپتن چوک پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس کی قیادت امیر ضلع طیب محمود بلوچ کریں گے ۔ اسی طرح ضلع شیخوپورہ ، قصور اور ننکانہ کے اضلاح لاہور ڈویژن کے دھرنے میں شریک ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس متنازع قانون میں فوری طور پر ضروری ترامیم کرے، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائے اور عوامی نمائندوں کے اختیارات پر قدغن نہ لگائے۔جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقِ نمائندگی، اختیارات کی منتقلی اور جمہوری اداروں کے استحکام کی جدوجہد جاری رکھے گی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرے گی جو عوامی مفاد اور شفاف جمہوری عمل کے خلاف ہو۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی، سماجی اور معاشی بے یقینی کے جس دور سے گزر رہا ہے، اس سے نکلنے کے لیے سب سے اہم اور ناگزیر راستہ باہمی افہام و تفہیم، برداشت اور سیاسی تدبر ہے۔ ملکی داخلی معاملات کو سیاسی ڈائیلاگ اور مشاورت کے ذریعے حل کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت بن چکا ہے۔








