شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب کے صوبائی محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے کورئیر کے شعبے میں جانے مانے نام TCSکے خلاف بڑا قدم اٹھایا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب راو شکیل الرحمن کی ہدایات پر ٹی سی ایس کورئیر کو ماہ نومبر سے واجبات کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔
زرائع کے مطابق ایکسائز ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے ٹی سی ایس کورئیر کے ساتھ معاہدہ کررکھا ہے۔جس کے تحت کمپنی، صوبے میں رجسٹرڈ ہونے والی تمام گاڑیوں کی دستاویزات، نمبر پلیٹس اور ڈیٹا ایمبوزنگ کارڈ( سمارٹ کارڈ) ائکسائز دفاتر سے وصول کرکے شہریوں کے گھروں تک پہنچاتی ہے۔
تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ڈیپارٹمنٹ کو کمپنی کے خلاف ناقص کاکردگی کی تحریری شکایات موصول ہورہی ہیں۔
اور بار بار تنبیہی کے باوجود کورئیر کمپنی نے کارکردگی کو بہتر نہیں بنایا۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب راو شکیل الرحمن کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ ٹی سی ایس کورئیر کے واجبات کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔