لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت میڈیا کو حقیقی معنوں میں ریاست کا چوتھا ستون مانتی ہے، میڈیا کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بزدار حکومت کی جانب سے اہم اقدام کیا گیا ہے، وزیرِ اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے، پالیسی کا مقصد نوجوان میڈیا ایکسپرٹس اور صحافیوں کو مین سٹریم میں لانا ہے۔
اپنے ایک بیان میں حسان خاور نے کہا کہ بزدار حکومت میڈیا کو حقیقی معنوں میں ریاست کا چوتھا ستون مانتی ہے، مثبت معاشرتی رویوں کی ترویج میں شعبہ صحافت کا کردار نہایت اہم ہے ،معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب نے کہا کہ یہ پالیسی ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی کے حکومتی ویژن کی عملی تصویر ہے، پہلی دفعہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز، ولاگرز کو نمائندگی دی جا رہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ اس پالیسی کا ڈرافٹ تمام اسٹیک ہولڈرز اور میڈیا ماہرین کو بھیجا گیا ہے، فیصلہ سازی میں عوامی تجاویز جاننے کے لیے یہ ڈرافٹ ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہرین کی مشاورت اور آرا کے بعد ہی اسے حتمی شکل دی جائے گی۔