کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر و صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وزیر اطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ صاف اور سیدھا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی عملی مدد کرے نہ کہ صرف بیانات دے اور تصویریں بنوائے ، جنوبی پنجاب کے لوگ پنجاب حکومت کو پکار رہے ہیں لیکن وہاں حکومت کی ترجیحات فوٹو سیشنز اور دکھاوے تک محدود ہیں، خدارا کیمرے ایک طرف رکھوا کر سیلاب متاثرین کی مدد کو پہنچیں۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں مزیدکہا کہ پنجاب میں گھر بن رہے ہیں اور نہ ہی سیلاب متاثرین کو سولر پینل مل رہے ہیں، صرف بھاشن دیئے جا رہے ہیں، سندھ حکومت 21 لاکھ گھر بنا رہی ہے ، متاثرہ خاندانوں کو سولر پینل دے رہی ہے ، ہمارا کام ان کو کھٹکتا ہے ،ہم 120 روپے کا لیز چپس اور جوس دینے کیلئے 300 روپے کا اپنی تصویر والا پیکٹ نہیں بنواتے ، یہی عوامی خدمت اور دکھاوے کی سیاست میں واضح فرق ہے ، قوم مصیبت میں ہو اور ہم چھٹی منائیں؟
ہمیں عوامی خدمت کے لیے چھٹی کے دنوں کا انتظار نہیں کرنا پڑتا، اتوار ہو یا کوئی اور دن، ہم ہر وقت عوام کے درمیان اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود ہیں اور رہیں گے ،پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھے ، پنجاب کے عوام جانتے ہیں ان کے نام پر سیاست اور فوٹو سیشن کے سوا کچھ نہیں ہو رہا۔