عثمان بزدار

پنجاب بھر میں 158ہسپتالوں اور مراکزصحت کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، وزیراعلی پنجاب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 158ہسپتالوں اور مراکزصحت کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، ہفتہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے ملتان نشتر ٹو اور ڈی جی خان میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے،

راولپنڈی اور بہاولپور میں ڈینٹل کالج بھی بنائے جارہے ہیں جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 8مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں،عثمان بزدار نے کہا کہ چنیوٹ، حافظ آباد اور چکوال میں نئے ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے ساتھ منڈی بہاﺅالدین کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نامکمل منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں ہیلتھ کے 91نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں، صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں مفت ادویات کے لئے مجموعی طور پرسوا 37 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،

انہوں نے کہا کہ مزدور اور محنت کش طبقے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے نئے ہسپتال بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے،عثمان بزدار نے کہا کہ اب صوبہ میں 23سوشل سیکورٹی ہسپتال ہیں جہاں ہررجسٹرڈ مزدور اور محنت کش کو مفت علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر ہیں۔