مکوآنہ (رپورٹنگ آن لائن)مری کی پہاڑیوں،وادی سون سکیسر،جھنگ، سرگودھا، لاہور، قصور، شیخوپورہ، پسرور، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، راولپنڈی، اسلام آبادمیں سٹرابیری کی کاشت میں مسلسل اضافہ ہو نے لگاہے جبکہ بعض دیگر علاقوں میں بھی سٹرابیری کی کاشت کے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں۔
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ سٹرابیری ایک پر کشش، خوبصورت اور ذائقے دار پھل ہے جو اپنی غذائی اور طبعی خصوصیات کی وجہ سے بہت مشہور اور جاذب نظر ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹرابیری کا پھل کھانے کے علاوہ جیم، جیلی، مربہ، چٹنی وغیرہ بنانے کے کام آتا ہے جس کیلئے سرد مرطوب آب و ہوا کی ضرورت ہے جبکہ سخت سردی اور سخت گرمی دونوں اس کیلئے نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سٹرابیری کاپودا سردی کے موسم کو کسی حد تک برداشت کر لیتا ہے مگر گرمیوں میں لُو سے اس کی حفاظت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سٹرابیری کو پھلدار پودوں کے درمیان لگانا چاہئے نیز سٹرابیری کی کوالٹی اور پیداوار کا انحصار زمین کی زرخیزی، اس کی گہرائی اور پانی کے بہتر نکاس پرہے اسلئے بہترپیداوار حاصل کرنے کیلئے زمین میں نامیاتی مادوں کی مناسب مقدار اور نکاس آب کا ہونا لازمی ہے۔