لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب میں اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے تحت تعلیمی سیشن مکمل کیے بغیر اساتذہ کو تبادلوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ای ٹرانسفر پالیسی 2024 پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صرف وہی اساتذہ تبادلے کے اہل ہوں گے جو اپنی موجودہ تعیناتی پر کم از کم تین سال مکمل کر چکے ہوں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تبادلے سے قبل اساتذہ کے لیے تمام تعلیمی اور انتظامی امور مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جن میں امتحانی نتائج کی تیاری اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگز کا انعقاد شامل ہے۔
اس کے علاوہ تبادلہ حاصل کرنے والے اساتذہ کو اپنے ہیڈ ٹیچر سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ لینا ہوگا، جبکہ سرٹیفکیٹ کے بغیر نہ تو تبادلہ کیا جائے گا اور نہ ہی اساتذہ کو ریلیو کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ پالیسی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ضلعی ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) ذمہ دار ہوگا








