اوور سیز پاکستانی کمیشن 277

پنجاب اوور سیز پاکستانی کمیشن کی کارکردگی سے برطانیہ اور یورپ میں مقیم اہل وطن غیر مطمئن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب کے اوور سیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی سے برطانیہ اور یورپ میں مقیم اہل وطن غیر مطمئن اور نا خوش دکھائی دیتے ہیں،سمندر پار موجود پاکستانیوں نے اس ادارے کی طرف سے تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد مختلف ممالک میں کی گئی نامزدگیوں کو خلاف ضابطہ قرار دیا ہے اور پنجاب اوور سیز پاکستانیز کمیشن کے وائس چیئرمین وسیم اختر کے نام لکھے گئے ایک خط میں وضاحت طلب کی ہے کہ سپین اور یورپ کے دیگر ممالک میں دانستہ طور پر ق لیگ سے تعلق رکھنے والوں کو آگے لایا جا رہا ہے،

اسی طرح وائس چیئرمین کے پاس کمیشن کے ایکٹ2014کے تحت کو آر ڈینیٹر لگانے کا اختیار نہیں جبکہ یورپ اور برطانیہ میں تحریک انصاف کے منتخب عہدیداروں کو بھی اس ضمن میں اعتماد میں نہیں لیا گیا لہذا کمیشن کے وائس چیئرمین سپین میں چوہدری امتیاز کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن واپس لیں ورنہ بھرپور احتجاج ہوگا۔ تحریک انصاف سپین کے صدر شہزاد اصغر بھٹی اور جنرل سیکرٹری قاسم علی کا لکھا ہوا خط منظر عام پر آگیا ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے میں مداخلت کریں،یورپی ممالک کے پارٹی کارکن جنہوں نے عمران خان اور تحریک انصاف کے لئے ہر طرح کی عملی کاوشیں کی ہیں آج انتہائی بددل نظر آتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ بالخصوص اس کمیشن میں سپین میں چوہدری امتیا ز کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کا تعلق واضح طور پر چوہدری مونس الہی اور ق لیگ سے ہے۔
 اوور سیز پاکستانی کمیشن
تحریک انصاف کے عہدیداروں کی طرف سے کمیشن کے وائس چیئرمین وسیم اختر کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ذاتی پسند یا نا پسند پر نامزدگیوں سے باز رہیں اور تحریک انصاف کی منتخب باڈی کو اعتماد میں لے کر اپنی سرگرمیاں شروع کریں تاکہ پارٹی اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط ہو سکیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مثبت جواب نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں۔

صدر تحریک انصاف سپین شہزاد اصغر بھٹی اور جنرل سیکرٹری قاسم علی کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیو ں کی عمران خان اور پی ٹی آئی کی کامیابی کے لئے کی گئی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ہمارے ساتھ پنجاب اوور سیز پاکستانی کمیشن کے وائس چیئرمین وسیم اختر کا رویہ کسی لحاظ سے بھی مناسب نہیں جس پر ہم اپنا احتجاج ریکارڈ پر لا رہے ہیں اور اس ناروا سلوک پر میڈیا میں بھی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں