رپورٹنگ آن لائن۔۔۔
لاہور پریس کلب نے پنجاب انفارمیشن کمیشن کے تعاون سے رول آف ٹرانپرنسی فار گڈ گورنسس کے عنوان پر صحافیوں کے ساتھ نشست کا انعقاد کیاجس میں صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ،چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ، سینئر صحافی شفیق اعوان ، خالد قیوم چوہدری ، افضال طالب ، سعدیہ صلاح الدین اور شہباز اکمل جندران سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن کی افادیت اور پنجاب انفارمیشن کمیشن کے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب انفارمیشن کمیشن 2018سے اب تک پانچ ہزار اپیلوں پر فیصلہ سنا چکا ہے جس میں وزیر اعلی کے ہیلی کاپٹر کے اخراجات کا حصول ، آئی جی پولیس سے ایک سال کے کرائم ڈیٹا کا حصول جیسے اہم معلومات کی انفارمیشن پبلک کرنے اور انسانی نعشوں پر قانون سازی کے حوالے سے فیصلے کئے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا تجربے نے ثابت کیا کہ گورننس میں عوامی شمولیت ترقی کا واحد ذریعہ ہے انسانی زندگی سے وابستہ تمام مسائل کے حل میں معلومات کاہوناازحدضروری ہے جومعاشرہ جتنا وسائل ومسائل سے آگاہ ہوتاہے وہ اتنے ہی بہتر اندازمیں ترقی کرتاہے دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کے سروے کے دوران انکشاف ہواکہ وہ معاشرہ زیادہ ترقی یافتہ تھا جہاں عوام زیادہ باشعورتھے، انفارمیشن کمیشن تمام تر مخالفانہ رویوں اور سوچ کے باوجود عوامی احتساب کی طاقت کو منوانے میں کامیاب ہوا ، مارچ میں تمام محکموں کے حوالے سے سوشل آڈٹ رپورٹ جاری کریں گے جس میں محکموں کی کارکردگی کی بارے میں بتائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری زاہد چوہدری نے معزز مہمان کا کلب آمد پر شکریہ اداکیااور کلب کی جانب سے انھیں پھول پیش کئے گئے۔