لاہور(زاہد انجم سے) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ینگ نیورو سرجن ڈاکٹر محمد حماد ناصر کو نیورو سرجری یونٹ 2 کا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا گیا اور اس ضمن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز نے باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے ہیں، یہ عہدہ پروفیسر انور چوہدری کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہوا تھا جس پر ایک نوجوان نیورو سرجن کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
قائم مقام ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ نیورو سرجری یونٹ 2ڈاکٹر حماد ناصرکا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو واضح کیا ہے کہ اس یونٹ میں مریضوں کی بہترنگہداشت اُن کی اولین ترجیح ہوگی اور ہم سب نے مل کر ایک ٹیم کی شکل میں نیورو سرجری یونٹ2کو مثالی وارڈ بنانا ہے جس کیلئے سب کو اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز صوبے بھرمیں ہی نہیں بلکہ اس خطے میں اپنی نوعیت آپ کا منفرد ادارہ ہے جو چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی آئی این ایس معروف نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ کی سربراہی میں دکھی انسانیت کی خدمت اور اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس مشن میں ہم سب کو اُن کا ساتھ دینا ہوگا۔ ڈاکٹر حماد ناصر نے مزید کہا کہ وہ نیورو سرجری یونٹ2میں تقرری کو اپنے لئے ایک چیلنج سمجھتے ہیں اور انشاء اللہ ماضی کی طرح اُسی لگن اور محنت کے ساتھ یہاں مریضوں کے علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کی ٹیم اُن کا بھرپور ساتھ دے گی اور وہ اپنے اوپر کیے ہوئے اعتماد پر پورا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
