لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ڈاکٹر محسن ظہیر نے پروفیسر آف نیورالوجی کے عہدہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے ادارے میں ڈاکٹر محسن ظہیر کی بطور پروفیسر آف نیورالوجی تعیناتی کو انتہائی خوشگوار اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر محسن ظہیر اپنے شعبے میں انتہائی مہارت کے حامل ہیں اور اُن کی شمولیت سے “پنز” کے معالجین کی ٹیم مزید مضبوط ہو گی اور بالخصوص اعصابی امراض کے مریضوں کے علاج معالجے کا معیار مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیورالوجی آؤٹ ڈور میں روزانہ300سے زائد اعصابی بیماری میں مبتلا افراد علاج معالجے کیلئے آتے ہیں جبکہ ان کے لئے موجود طبی سہولیات میں مزید اضافہ ہو گا۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹر ز کو اپنے سینئرز کے تجربے کی روشنی میں بہت کچھ سیکھنے کے مواقع حاصل ہوتے ہیں اور ان کے نقش قدم پر چل کر وہ مستقبل میں بہترین معالج ثابت ہوسکتے ہیں۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،ڈاکٹر شاہد مختار و دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے مزید کہا کہ خطے میں جدید سہولیات سے آراستہ” پنز” میں مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس اپنی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کر کے انسٹی ٹیوٹ کا نام مزید روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نیورالوجی کے مریضوں کے مقابلے میں سینئر معالجین کی تعدادانتہائی کم ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کیلئے نوجوان ڈاکٹرز کو نیورالوجی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لینی چاہیے۔
پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ طب کے شعبے سے وابستہ افراد اپنے نالج کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ جو فرائض اُن کو سونپے گئے ہیں وہ انہیں بہتر سے بہتر طریقے سے سر انجام دے سکیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کے اُس مشن کی تکمیل ہو سکے جس کا انہوں نے عہد کر رکھا ہے۔