لاہور(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ اگلے سال مارچ یا اپریل میں بلدیاتی انتخابات کے انعقادکیلئے ورکنگ شروع کر دی گئی ہے ، بلدیاتی قانون کا مسودہ منظوری کے لئے رواں سیشن میں ہی پیش کیا جائے گا ۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے محمودالرشید نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کرچکے ہیں،پنجاب اسمبلی کے جاری سیشن کے دوران ہی رواں یا آئندہ ہفتے بلدیات کا قانون پاس ہو جائے گا اور پھر الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعداپریل کے اندر بلدیاتی انتخابات کر ادئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی قانون میں ترامیم کے مطابق بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ کیا گیاہے ،لارڈ مئیر اور مئیر کے بعد نیبر ہڈ اور ویلیج کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائیں جائیں گے۔