اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و سینیٹر پلوشہ خان نے ایل اے 43 ویلی 4 میں پیپلز پارٹی کے پولنگ کیمپ اکھاڑنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی غنڈہ گردی کر رہے ہیں ،پی پی پی کے پولنگ کیمپ اکھاڑنا نا اہل حکومت کی واضح شکست کا خوف ہے ۔
اپنے بیان میں سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ کشمیریو ں کو اپنی آزادانہ رائے دہی کا حق نہ دینا کشمیر کاز کے ساتھ زیادتی ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ کے حلقہ میں اس طرح کی غنڈہ گردی کے خطرناک اثرات ہونگے ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائے اور اسطرح کی کھلے عام حکومتی دھاندلی کو روکے ۔