پیرس(رپورٹنگ آن لائن)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ایک مشہور فٹنس ٹرینر کی ہدایات کے تحت اپنے ملک کے فوجیوں کے ساتھ ورزش کی مشقوں میں حصہ لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں میکرون ایک بکتر بند گاڑی کے سامنے ملٹری پش اپس کے ساتھ ساتھ پلانک اور گھٹنے اٹھانے کی مشقیں کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ فوجیوں کے ساتھ دوڑ میں بھی شامل ہوئے۔ یہ واقعہ اتوار کے روز ابوظبی میں فرانسیسی افواج کے دورے کے دوران پیش آیا۔ فوجی مشقوں میں شریک ہونے کا یہ دن ان کی 48 ویں سالگرہ کا دن بھی تھا۔فرانسیسی صدر کے ساتھ تھیبو ڈیلاپارٹ بھی نظر آئے جو تھیبو این شیپ کے نام سے مشہور ہیں اور باڈی بلڈنگ کی دنیا کے ایک انفلوئنسر ہیں۔
صدر انہیں اپنے خلیجی دورے پر ساتھ لے کر گئے تھے۔ 33 سالہ ڈیلاپارٹ نے میکرون اور ان کے ساتھیوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ۔ چلو، شکایت نہ کرو ۔ میکرون نے ایکس پر ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ اپنی مسلح افواج کے ارکان کے ساتھ یہ لمحات بانٹنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ میں آپ سب کے لیے خوشیوں بھرے تہواروں کے سیزن کا خواہش مند ہوں۔ اس ویڈیو کلپ کو اب تک 12 لاکھ ویوز اور ہزاروں لائکس مل چکے ہیں۔گزشتہ سال بھی میکرون کی سیاہ و سفید تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں وہ پسینے میں شرابور، باکسنگ کے دستانے پہنے ایک پنچنگ بیگ پر زوردار مکے مار رہے تھے۔
دی ٹائمز کے مطابق یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ یوکرین جنگ کے حوالے سے پوتین کے خلاف یورپ کے سب سے بڑے سخت گیر رہنما کا کردار اپنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ گزشتہ ہفتے میکرون نے یورپی یونین کی جانب سے پوتین کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کر کے یورپ کو امریکہ اور روس کی امن کوششوں میں شامل کرنے کی کوشش بھی کی۔









