کوہاٹ(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم اور ترجمان صوبائی حکومت کامران بنگش نے کہا ہے کہ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے بہت بڑا منصوبہ ہے جو جنوبی اضلاع کے لئے ایک نعمت ہے جس کی تعمیر و تکمیل سے قبائلی علاقوں سمیت متعدد دیگر جنوبی اضلاع کے عوام کی تقدیر بدل کرعوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آجائیں گی۔
گزشتہ روز ضلع ہنگو کے علاقے کربوغہ شریف میں آمد پر پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کے ویژن کے مطابق صوبہ میں متعددمیگا پراجیکٹس پرصاف و شفاف طریقے سے ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہے جن میں بی آرٹی اور سوات موٹروے سمیت درجنوں بڑے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچادیئے گئے ہیں جبکہ کئی دیگر منصوبوں کو جلد مکمل کرلیا جائے گا تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفیدہوسکیں۔
اْنہوں نے ضلع ہنگو کی عوام کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ موجودہ حکومت کا بڑ ا کارنامہ اور تحفہ قرار دیتے ہوئے خوشخبری سنادی کہ صوبائی مشیر ظہورشاکر اور اْن کی دعوت پر وزیراعلیٰ بہت جلد ہنگو کا دورہ کریں گے اور کئی اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔کامران بنگش کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرزپارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کا جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔اْنہوں نے اس امیدکا اظہار کیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں انہی ورکروں کی بدولت ضلع ہنگو میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ اس موقع پر ضلعی تنظیم کے عہدیداروںکے علاوہ ضلعی صدر نورآواز خان’ انصاف ویلفیئر ونگ کے ضلعی صدر شاہ آیاز خان اور کلیم اللہ سمیت کئی دیگر رہنما بھی موجودتھے۔
ضلعی صدرنورآوازخان کے علاوہ شاہ آیاز اور رضوان نے بھی خطا ب کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش کو خوش آمدید کہا۔قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کربوغہ شریف میں معروف دینی و روحانی شخصیت حضرت مفتی مختارالدین سے ملاقات کی اور کئی امور پر بات چیت کی۔ اس سے قبل کامران بنگش دوآبہ میں نصراللہ خان بنگش کی وفات پراْن کے گھر گئے اورمرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی ۔