پشاور (رپورٹنگ آن لائن) پشاور تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا۔امتحان میں 62 ہزار322 امیدوارں نے شرکت کی، 44 ہزار 902 طلبہ کامیاب ہوئے، پاس ہونے کا تناسب 72 فیصد رہا۔
میڈیکل گروپ میں 33 ہزار 317 امیدواروں میں 25 ہزار 794 پاس ہوئے، کامیابی کا تناسب 77 فیصد رہا۔انجینئرنگ گروپ میں 3 ہزار 586 میں 2 ہزار 103 کامیاب ہوئے، پاس ہونے کا تناسب 59 فیصد رہا۔ہیومینٹیز گروپ میں 14 ہزار 893 امیدواروں میں سے 11 ہزار 603 کامیاب ہوئے، پاس ہونے کا تناسب 78 فیصد رہا۔
کمپیوٹر سائنس گروپ میں 10 ہزار 526 میں سے 5 ہزار 402 امیدوار کامیاب ہوئے اور پاس ہونے کا تناسب 51 فیصد رہا۔ایف اے، ایف ایس سی کے پوزیشن لیڈر طلبہ کے لئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ عزم ہے سکول سے باہر طلبہ کو لائیں، سکولوں میں طلبہ کو کوالٹی ایجوکیشن پر توجہ دے رہے ہیں۔
فیصل ترکئی نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اس سال ہم نے شفافیت کے لیے کچھ اقدامات کئے، سرکاری اور پرائیویٹ کالجز کے امتحانی ہال یکجا کئے، یہ جلدی میں ہوا لیکن اس کا رزلٹ اچھا رہا۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم فرنیچر کی کمی کو پورا کر رہے ہیں، ہم تعلیم میں بہتری اور ریفارمز لارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی کی ترجیح تعلیم اور صحت ہے۔
فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ 364 ارب روپے اس سال تعلیم کے لئے مختص کئے ہیں، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے، آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے لیے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تعلیم کے نظام کو کاغذ فری بنائیں، ٹیکنالوجی کا دور ہے، ہم ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔فیصل ترکئی نے کہا کہ لوگوں کا بھی فرض ہے کہ بچوں کو سکولوں میں لائیں، کمیونٹی کو بھی اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔