پشاور(رپورٹنگ آن لائن) صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے جس سے عام شہریوں کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 70 روپے فی کلو میں ملنے والا آٹا اب 130 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے، پشاور میں 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا 2600 روپے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ 80 کلو آٹے کی بوری کی قیمت بھی 12 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث تندور مالکان نے 20 روپے میں فروخت ہونے والی روٹی کی قیمت بڑھا کر 30 روپے کر دی ہے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حکومت کی بے حسی اور مارکیٹ پر کنٹرول نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اقدامات کرے تاکہ غریب طبقے کے لیے روٹی کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔