لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سابق لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے فاسٹ بولر علی رضا کو مستقبل کا اسٹار قرار دیدیا۔سابق کپتان وسیم اکرم سے ایک انٹرویو میں سوال کیا گیا کہ آپ کی نظر میں بہترین نوجوان فاسٹ بولر کون سے ہیں؟
جواب میں انہوں نے کہا کہ پریمیئر بولرز میں مچل اسٹارک، جسپریت بمراہ، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، وہ اچھی بولنگ کررہے ہیں ان کی بولنگ اسپیڈ میں پہلے کی طرح تیزی آئی ہے جو اچھی بات ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی گہری نظر سے دیکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک فاسٹ بولر بہت اچھا ہے جو ابھی پاکستان سے کھیلا نہیں ہے اور اس کا نام علی رضا ہے، اس کا مستقبل بہت روشن ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ اگر علی رضا صحیح ہاتھوں میں گئے تو وہ یہ سمجھ گئے کہ ٹیسٹ کرکٹ بہترین ہے تو وہ وائٹ بال میں خود بخود آجائیں گے۔واضح رہے کہ 17 سالہ علی رضا نے پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی اور ان کی بولنگ نے سابق کرکٹرز کو بھی متاثر کیا تھا۔علی رضا نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 21 رنز کے عوض چار وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر این بشپ نے علی رضا کی تعریف کی تھی اور سپر اسٹار ان دی میکنگ کہا تھا۔
وسیم اکرم نے کھیلوں میں سیاست کے بڑھتے ہوئے اثرات پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے تاکہ کھیل کی روح برقرار رہ سکے۔وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے کرکٹ میں سیاست بالکل پسند نہیں معاف کیجئے لیکن سیدھی بات یہی ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کرکٹ تقسیم کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور اس صورتحال میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور قومی بورڈز کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
انہوںنے کہاکہ ہر ملک کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے، بہادری دکھائیں، بڑے دل کے ساتھ فیصلے کریں مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا۔وسیم اکرم نے کہا کہ یہی وہ جگہ ہے جہاں آئی سی سی اور کرکٹ بورڈز کو کردار ادا کرنا چاہیے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ لیگ کس کی ہے یا ٹیم کس کی ملکیت میں ہے، ہر قوم کے کھلاڑیوں کو کھیلنے دیا جانا چاہیے۔









