پشاور (رپورٹنگ آن لائن) خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی حکمران جماعت تحریک انصاف میں موروثی سیاست چھا گئی ہے،وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے بیٹے ،ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود خان اور وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے اپنے بھائی کو ٹکٹ دلوایا ۔
بدھ کو موروثی سیاست کے خلاف آواز بلند کرنے والی تحریک انصاف بھی موروثی سیاست کا شکار ہوگئی ہے اور خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکومتی شخصیات نے اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ دلوا دیئے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود خان کے بھائی احتشام خان کو تحصیل متھرا کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، نوشہرہ سے وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیٹے اسحاق خٹک اور ڈیرہ اسماعیل خان سے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈاپور کو سٹی میئر کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اسی طرح رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہاندار کے قریبی رشتہ دار کو بھی تحصیل چیئرمین کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کے لیے جتنے بھی کارکنوں نے درخواستیں دیں وہ تمام لوگ پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، پارٹی کو ان پر فخر ہے۔ ٹکٹ کے لئے گراس روٹ لیول پر کارکنوں سے مشاورت کی گئی۔
66 تحصیل میں ہر تحصیل سے پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں، منتخب امیدوار پی ٹی آئی کے کارکنوں کا انتخاب ہیں۔ ہم بہترین امیدوار الیکشن کے لئے سامنے لائیں ہیں۔