رانامشہود

پرویزالہی میں اخلاقی جرات تھی توعہدے سےاستعفی دیتے،رانامشہود

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ پرویزالہی میں اخلاقی جرات تھی تو اسپیکرپنجاب اسمبلی کے عہدے سے استعفی دیتے، اسپیکر آفس کوہرطرح کی رشوت کیلئے استعمال کیاجارہا ہے۔ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا مشہود نے لیگی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا موقف ہے کہ اتوار کو پنجاب اسمبلی میں جو کیا گیا وہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے،تاریخ کی بدترین زیادتی دیکھنے میں آئی۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکرپرویز الہی کا اصل چہرہ سب کے سامنے آیا،اراکین اسمبلی پرپہلے بجلی کو بند کیا،پھرپانی بند کیا گیا اورپھراپوزیشن کی لابی میں ائیرکنڈیشن بھی بند کردئیے گئے۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ حمزہ شہباز کے پاس تعداد 200 سے زائد نہ ہوتی تو الیکشن ہوجاتا،پرویزالہی میں اخلاقی جرات تھی تو اسپیکر کے عہدے سے استعفی دیتے لیکن اسپیکر آفس کوہرطرح کی رشوت کیلئے استعمال کیاجارہا ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما علیم خان نے درست کہا ہے کہ عمران خان سے بڑا دشمن پاکستان میں نہیں آیا اورہم دھونس اور دھاندلی سے ہونے والے ہرکام کی مخالفت کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ تمام اداروں سے کہتا ہوں کہ ووٹ کی طاقت سے ہی جمہوریت چلتی ہے اورپنجاب اسمبلی میں بدھ کو ووٹ کو روکنے کی کوشش نہ کی جائے۔

انھوں نے تنبیہ کی کہ اگرکوئی اقدام کیا گیا تو اس کا ذمہ دار پرویز الہی، عثمان بزدار اور اسمبلی سیکرٹریٹ ہوگا۔ اس موقع پرلیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کیا یہ آمریت کا دور ہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کےموقع پر پریس گیلری میں صحافیوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ علیم خان اور چوہدری سرور نے جو باتیں کی ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان پر دبا ڈالا گیا۔ سلمان رفیق نےواضح کردیا کہ اپوزیشن الیکشن سے فرار نہیں چاہتی ہے۔