فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن)پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے ، کسی ایک صوبے کو دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی سیاست ملک کیلئے خطرناک نتائج پیدا کر سکتی ہے ۔ اگر پنجاب میں کوئی اچھا کام ہو رہا ہے تو اس کا کریڈٹ مریم نواز کو ضرور ملنا چاہیے ، مگر صوبائی نفرت کے بیج بونا سیاسی بلوغت نہیں بلکہ انتشار کی سیاست ہے ۔
سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو صرف سندھ کی جماعت کہہ کر محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ‘‘جاگ پنجابی جاگ’’ جیسے نعرے ضیائالحق کے دور میں بھی لگائے گئے تھے اور آج پھر اسی سوچ کو زندہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو وزیرِاعظم یا سیاسی قیادت سے ذاتی اختلاف ہے تو اسے قومی مفادات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔
سید حسن مرتضیٰ نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 90 ہزار گھروں کے وعدے صرف کاغذوں تک محدود ہیں، اقساط عوام سے وصول کی جا رہی ہیں لیکن تعمیراتی کام زمین پر نظر نہیں آ رہا۔پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید نے بھی پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صوبے کو زرعی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے ۔