لاہور13اکتوبر(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفرنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق ایل جی ایچ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو تمام سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر جنرل ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مریضوں کو کوالٹی ہیلتھ کیئر کی فراہمی کے لیے جو ہدایات جاری کر رکھی ہیں ان پر مکمل عملد رآمد کیا جا رہا ہے۔ہسپتال انتظامیہ دن رات مریضوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر سربراہ ایل جی ایچ نے ڈینگی وارڈ کابھی دورہ کیااور مفت ادویات کی فراہمی، ملازمین کی حاضری،ڈسپلن اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، سینٹر ی انسپکٹر زمتحرک رہیں۔انتظامی ڈاکٹرز نجی سیکورٹی و صفائی کمپنی کے سٹاف کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ڈینگی وائرس سے ہیلتھ پروفیشنلز اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال میں سپرے کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی مانیٹر کریں اور دوسری شفٹ کو چارج دئیے بغیر اپنی ڈیوٹی نہ چھوڑے۔ پرنسپل جنرل ہسپتال نے نرسنگ انتظامیہ کو ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں کا دن میں دو مرتبہ راونڈ یقینی بنانے کی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام شعبوں کاریکارڈ اپ ٹو ڈیٹ رکھنے اور ملازمین کو اپنی حاضری یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔قبل ازیں پروفیسرز،ڈکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز،پیرامیڈیکل سٹاف و دیگر انتظامی افسران نے پروفیسر الفرید ظفر کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔