لاہور12اگست(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ رب کریم نے ہمارے وطن عزیز کو چاروں موسموں، خوبصورت نظاروں اور قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے اور اب یہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنی اپنی فیلڈ میں محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ، صحت کے شعبے کی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی میں مہارت اور غربت کے خاتمے کے لئے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ کوششوں کو برؤئے کار لائیں تاکہ ہمارا ملک موجودہ مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں “ہم سب کا پیارا پاکستان”کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین،زمرد خورشید، روبینہ انعام،صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر حسیب تھند سمیت ہیلتھ پروفیشنلز بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں وسائل کم ہیں اور نہ ہی نوجوان نسل ذہانت اور ٹیلنٹ میں کسی سے پیچھے ہے، پاکستان کی نصف آبادی جو نوجوانوں پر مشتمل ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قیمتی اثاثے اور قوت کی مربوط طریقے سے درست سمت میں رہنمائی کی جائے۔ پرنسپل جنرل ہسپتال کا کہنا تھا کہ اس کی تازہ ترین مثال پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے عظیم سپوت ارشد ندیم کی ہے جس نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا اور اقوام عالم میں پاکستان کے جھنڈے کو سر بلند کر کے علامہ اقبال کے اس شعر کو سچ ثابت کر دکھایا کہ”ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی “۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ارشد ندیم بنیادی طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے جس نے اپنی محنت، لگن اور حکومتی سرپرستی کے نتیجے میں یہ منفرد مقام حاصل کر کے نوجوانوں کے لئے ایک روشن مثال قائم کر کے ثابت کیا کہ محنت، لگن اور ثابت قدمی سے ہر مشکل کو آسا ن کر کے منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔ مقررین نے یوم آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں، بھائیوں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں نے جانی و مالی قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے کیونکہ آزاد ملک ہی کسی قوم کی پہچان ہوتے ہیں جس پر قوم فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو امسال جشن آزادی اس عہد کے ساتھ منانا چاہیے کہ سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھیں گے اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔ تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملکی ترقی خوشحالی، کشمیر، فلسطین، اور غزہ کے شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔