بلقیس بانو ایدھی

پروفیسر الفرید ظفر کی جنرل ہسپتال ایدھی ایمولنس سینٹرمیں بلقیس بانو ایدھی کیلئے فاتحہ خوانی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں قائم ایدھی ایمبولنس سینٹر میں جا کر بلقیس بانو ایدھی کی وفات پروہاں موجود سٹاف سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرنے کے علاوہ فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلقیس ایدھی دکھی انسانیت کی خدمت کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان تھیں، اُن کی رحلت سے نہ صرف ہزاروں بچے ماں کی شفقت سے محروم ہو گئے بلکہ عظیم خدمات کے اُس کام کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کے لئے انہوں نے اپنے شوہر کے ہمراہ دہائیوں پر محیط سفر طے کیا اور دنیا بھر میں نئی مثال قائم کی۔ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، انتظامی ڈاکٹرز و نرسنگ سٹاف اس موقع پر موجود تھا۔
 بلقیس بانو ایدھی

پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ بلقیس ایدھی نے نرسنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی جو اُن کی اس کامیابی میں اضافی قابلیت ثابت ہوئی۔اس حوالے سے مرحومہ بلقیس ایدھی نرسز کے شعبے میں آنے والے خواتین کے لئے بھی ایک اعلیٰ عملی نمونہ ہیں جنہوں نے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کر کے نرسنگ کے شعبے کو چار چاند لگا دیے۔پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی اور اُن کی بیگم بلقیس ایدھی دنیا بھر میں بے لوث انسانی خدمت کا منفرد مقام رکھتی تھیں جنہوں نے پاکستان میں ایمبولنس سروس اور لاوارث و ٹھکرائے ہوئے بچوں کی پروش کا ذمہ اٹھا رکھا تھا اور دونوں گزشتہ کئی برسوں سے یتیم بچوں کی کفالت کر رہے تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایدھی ایمبولنس سروس کو دنیا بھر میں سب سے بڑی ایمبولنس سروس ہونے کا اعزاز ہے جو پاکستان کے لئے قابل فخر ہے اور دونوں میاں بیوی نے ہزاروں بچیوں کی شادی کر کے اُن کے گھر بسائے اور لا تعداد لاوارث لاشوں کی تدفین بھی ایدھی فاؤنڈیشن نے اپنے ذمے لے رکھی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور حادثات کی صورت میں سب سے پہلے امدادی کاموں کے لئے پہنچنے والوں میں عبدالستار ایدھی اور اُن کے رضا کاروں نے تاریخ رقم کی۔

پروفیسر الفرید ظفرنے امید ظاہر کی کہ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے اپنے والدین کے ا س عظیم مشن کو آگے بڑھائیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کی جو مثال اس فاؤنڈیشن نے قا ئم کی ہے اسے مزید ترقی دیں گے۔سربراہ لاہور جنرل ہسپتال نے کہا کہ پاکستان میں خدا ترس اور مخیر حضرات کی کمی نہیں جو فراخ دلی کے ساتھ ایدھی فاؤنڈیشن و دیگر سماجی تنظیموں کو خدمت کے لئے عطیات دیتے ہیں جن سے یہ نظام چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں ایدھی فاؤنڈیشن مزید ترقی کرے گی اور اس کے رضاکار ذاتی مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے خلوص دل کے ساتھ دکھی انسانیت کی بے لوث کا مشن جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر و لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلقیس ایدھی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے آمین۔