لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کے والد محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد حیات ظفر کی 17ویں برسی 27دسمبر بروز پیر لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے علاوہ آبائی گاؤں سلطان محمود تحصیل کبیر والا میں منائی جائے گی جہاں اُن کے لئے خصوصی دعائے مغفرت اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر محمد حیات پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پہلے وائس چانسلر تھے۔
پروفیسرمحمد حیات ظفر مرحوم نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر،چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ اور نشتر میڈیکل کالج کے پرنسپل کے عہدوں پر خدمات سر انجام دیں۔اُن کا شمار قائد اعظم محمد علی جناح کے قریبی اور با اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا جنہوں نے قیام پاکستان کی تحریک میں بھی نا قابل فراموش خدمات سر انجام دیں۔حکومت پنجاب نے ان کی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں چیئر مین خدمت کمیٹی ملتان بھی مقرر کیا۔ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے نبھائیں، ملتان، کبیر والا کی سڑکیں اور نشتر میڈیکل کالج کا ایڈیٹوریم و پی ایم ڈی سی کا ہال مرحوم کے نام سے منسوب ہے۔ پروفیسر محمد حیات ظفر کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت اور قرآن خوانی 27دسمبر کو اُن کی رہائشگاہ پر ہوگی۔