پرنسپل جنرل ہسپتال

پرنسپل جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ،ایمرجنسی کے باہر تجاوزات کی بھرمار پر اظہار ناراضگی

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج /پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز کو ساتھ لئے بغیر لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہو ں نے ہسپتال کے داخلی و خارجی راستوں پر چھابڑی فروشوں اور فٹ پاتھ پر بھی تجاوزات کی بھرمار پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ضلعی حکام سے رابطہ کر کے تجاوزات ختم کروائیں تاکہ ہسپتال آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال پارکنگ میں نجی ایمبولنسوں اور رکشوں کے کھڑے ہونے پر سیکورٹی گارڈز کو وارننگ دی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنا لیں۔پرنسپل نے انتظامی ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ دفتر میں بیٹھنے کی بجائے عملی طور پر صورتحال کا جائزہ لیا کریں۔ انہوں نے واضح کہا کہ ہسپتال کی پارکنگ سٹاف، مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے مخصوص ہے، آئندہ اگر ایسی صورتحال پائی گئی تو سیکورٹی انچارج کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔