لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی زیادہ عرصہ تک صلب نہیں کر سکتا اور جلد ہی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان کی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو عقیدت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کے حوالے سے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر صاحبان،،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر رضوانہ طارق،ڈاکٹر جعفر شاہ، ڈاکٹر عبدالعزیز، صدر ہیلتھ سپورٹ ایسو سی ایشن رانا پرویز، صدر ینگ نرسز ایسو سی ایشن خالدہ تبسم، نرسز،پیرا میڈیکس،ملازمین،مریض اور ان کے لواحقین بھی موجود تھے جنہوں نے کشمیربنے گا پاکستان،کشمیرکی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی اور پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی اور کشمیریوں کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کیا ہے اور آج دنیا کے طاقتور ممالک کشمیر کے مسئلے کو بہتر طور پر سمجھ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری کشمیر کی” کاز “پر وہاں کے عوام پر ہونیوالے بھارتی مظالم کی کھل کر مذمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا اور پاکستان کشمیر کے شامل ہونے پر ہی مکمل ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسرالفرید ظفراور ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے کہا کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور اقوام متحدہ نے بھی واضح طور پر قرارداد پاس کی ہوئی ہے اور اب یہ اقوام عالم کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ یواین او کی قراردادوں پر بھارت سے عمل کرواتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم کروائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی آزادی کی آواز بلند کرنے کے لئے پاکستانی نوجوان سوشل میڈیا پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مودی سرکار کو عالمی دباؤ میں لایا جا سکے اور اسے کشمیر کی آزادی پر مجبور کیا جا سکے۔