پرائز بانڈز 17

پرائز بانڈ رکھنے والے افراد کے لیے اہم خبر،آئندہ سال کیلئے شیڈول جاری

مکو آ نہ (رپورٹنگ آن لائن)سال 2026 میں ہونے والی قومی پرائز بانڈز اور پریمیم پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی سے متعلق اہم تفصیلات سا منے آگئی ہیں،سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے آئندہ سال کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے جس میں مختلف مالیت کے بانڈز، قرعہ اندازی کی تاریخیں اور میزبان شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اس اعلان کے بعد ملک بھر میں پرائز بانڈز رکھنے والے شہریوں کو اپنی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی میں سہولت مل گئی ہے۔نیشنل سیونگز کے مطابق 2026 میں قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی مختلف شہروں میں مرحلہ وار کی جائے گی تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایک ہزار پانچ سو روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی 16 فروری کو لاہور، 15 مئی کو سیالکوٹ، 17 اگست کو فیصل آباد اور 16 نومبر کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ اسی طرح سات سو پچاس روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی 15 جنوری کو پشاور، 15 اپریل کو کوئٹہ، 15 جولائی کو لاہور اور 15 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول کی گئی ہے۔

دو سو روپے مالیت کے پرائز بانڈز کے لیے قرعہ اندازی 16 مارچ کو فیصل آباد، 15 جون کو کراچی، 15 ستمبر کو مظفرآباد اور 15 دسمبر کو پشاور میں ہوگی۔ جبکہ سو روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی 16 فروری کو کراچی، 15 مئی کو حیدرآباد، 17 اگست کو ملتان، 16 نومبر کو فیصل آباد اور 15 دسمبر کو پشاور میں کی جائے گی۔

ان قرعہ اندازیوں کے ذریعے ہزاروں خوش نصیب افراد کو نقد انعامات جیتنے کا موقع ملے گا۔پریمیم پرائز بانڈز کے شیڈول کے مطابق چالیس ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی قرعہ اندازی 10 مارچ کو راولپنڈی، 10 جون کو مظفرآباد، 10 ستمبر کو سیالکوٹ اور 10 دسمبر کو لاہور میں ہوگی،اسی طرح پچیس ہزار روپے کے پریمیم بانڈز کی قرعہ اندازی 10 مارچ کو ملتان، 10 جون کو پشاور، 10 ستمبر کو کوئٹہ اور 10 دسمبر کو کراچی میں منعقد کی جائے گی۔

نیشنل سیونگز نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ اگر کسی قرعہ اندازی کی مقررہ تاریخ کسی سرکاری یا عوامی تعطیل کے ساتھ متصادم ہو جائے تو قرعہ اندازی اگلے ورکنگ ڈے پر منعقد کی جائے گی۔ حکام کے مطابق تمام قرعہ اندازیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں