کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اچھے منصوبے شروع کیے ہیں۔
تقسیم انعامات و تعریفی اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نےکہا کہ سیاسی باتیں اتنی کرنی پڑتی ہیں کہ دیگرموضوعات پربات کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے طلبہ کو اسپورٹس میں دیکھ کراچھا لگا، اس طرح کی تعمیری سرگرمیاں ضروری ہیں اور ہر ادارے میں ہونی چاہیے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ ہم طلبہ یونین کی بحالی کے بھی حامی ہیں، طلبا سیاست بھی سیکھیں، اس سے اچھے شہری، وکیل، ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ اچھے سیاستدان بھی بن سکیں گے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ یہ شہر، یہ صوبہ اور یہ ملک ہمارا ہے، ہمیں اسی مٹی میں جانا ہے، پھر ہم کیوں نہ اس شہر اس ملک کے لئے کچھ کریں، شہری اپنا فرض اور حق ادا کریں، اپنے ملک کو بہتر بنانے کے لئے ہم سب کو آگے آنا پڑیگا، کسی بھی فیلڈ میں ہوں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر ایک بہتر معاشرہ تشکیل دیں اور ایک تعمیری سوچ سے آگے بڑھیں اور بیرون ملک جانے سے بہتر ہے اپنے ملک کو مضبوط بنائیں۔
واضح رہے کہ لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کے زیر اہتمام تقریب برائے تقسیم انعامات و تعریفی اسناد بسلسلہ ہفتہ طلبہ2021 کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بطور مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور میڈیکل طالبعلموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔