اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن )کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ادارے ٹیکسٹائل کی طرح ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی ڈیزائنگ اورڈائنگ کو بھی اپنے کورسز کا حصہ بنائیں جس سے مستقبل میں فیکلٹی بھی میسر آ سکے گی ،ہاتھ سے بنے ہوئے قالین پوری دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہیںجس کی مزید موثر تشہیر کیلئے سوشل میڈیا مارکیٹنگ کورسزشروع کرائے جائیں اور اس کیلئے خصوصی ونڈو بنائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی آئی میں زیر تربیت نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پرویز حنیف نے کہا کہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی صنعت کاپاکستانی برآمدات میں اہم کردار رہا ہے اوراگر حکومت توجہ دے تو ہم عالمی منڈیوںمیں اپنا کھویا ہوا اپنا مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ہمیں جدید ٹیکنالوجی اور انوویشن کی جانب پیشرفت کرنا ہوگی جس کے لئے حکومتی سر پرستی نا گزیر ہے۔پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میںجو ادارے ٹیکسٹائل سمیت فیشن کے دیگر کورسز کرا رہے ہیں حکومت انہیں ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی ڈیزائنگ اور ڈائنگ کوبھی کورس کا حصہ بنانے کا پابند کرے۔
بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں سے مختلف ممالک میں ڈیزائنگ کے رجحانات کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں جنہیں مدنظر رکھ کر قالینوں کی تیاری کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کے شعبے میں بڑا پوٹینشل ہے اور سب سے بڑھ کر یہ دنیا میں پاکستان کی پہچان اور تعارف ہے۔