اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کو 14ویں پنج سالہ منصوبے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی اپنی خوبیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو فروغ دینا چاہیے اور مل کر علاقائی انٹرکنیکشن اور امن و ترقی کو فروغ دینا چاہیے۔ چائنا میڈیا گروپ کو انٹرویو میں نونگ رونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان اپنی اپنی خوبیاں رکھتے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی تنصیبات، تجارت، صنعت اور زراعت سمیت دیگرشعبوں میں قریبی تعاون برقرار ہے۔
14ویں پنج سالہ منصوبے پر عمل کے دوران دونوں ممالک کو نئے ترقیاتی ڈھانچے کی تشکیل کرنی چاہیے جس سے نہ صرف چین کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کو مزید گنجائش، مزید کھلا تجارتی ماحول اور مزید مواقع میسر آئیں گے۔ گزشتہ چھ سال سے چین مسلسل پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے اور سات سال سے پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کررہا ہے۔
رواں سال چین پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاک چین تعاون کو مزید فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین اور پاکستان میں انسداد وبا کے حوالے سے تعاون، اس نوع کے عالمی تعاون کےلیے قابلِ تقلید مثال بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا میں انٹرکنیکشن کو مضبوط بنایا ہے اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تعاون میں تیسرے فریق کی شرکت کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔