سید عاصم منیر

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سرکاری دورہ پر برطانیہ پہنچ گئے

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سرکاری دورہ پر برطانیہ پہنچ گئے ،وہ علاقائی استحکام کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ برطانیہ کے دوران آرمی چیف رائل ملٹری اکیڈمی میں ساتویں علاقائی استحکام کانفرنس میں شرکت کریں گے، علاقائی استحکام کانفرنس رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ہو رہی ہے۔

آرمی چیف ’’ابھرتا عالمی نظام اور پاکستان کا مستقبل‘‘ کے عنوان پر کلیدی خطاب کریں گے۔یہ کانفرنس پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے ہر سال منعقد ہوتی ہے، علاقائی استحکام کانفرنس پاک برطانیہ فوجی سطح پر بات چیت کا اہم پلیٹ فارم ہے، عالمی منظر نامہ میں تیزی سے تبدیلی پر موجودہ کانفرنس خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

قبل ازیں دورے کے پہلے دن آرمی چیف سید عاصم منیر کو شاہی ہارس گارڈز پریڈ گراؤنڈ میں شاندار استقبالیہ دیا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف کو انتہائی شاندار انداز میں سلامی پیش کی۔

ان کی مصروفیات میں برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل ٹونی ریڈیکن، برطانوی آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر رولینڈ واکر اور برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جوناتھن نکولس پاول سے ملاقاتیں شامل ہیں۔

آرمی چیف برطانوی ہوم سیکرٹری یویٹ کوپر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی چیلنجز پر تبادلہ خیال اور قریبی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کیا جا ئے گا۔

اپنے دورے کے دوران آرمی چیف برطانوی فوج کی اہم یونٹس بشمول لینڈ وارفیئر سینٹر اور 1 اسٹرائیک بریگیڈ کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں برطانوی فوج کی جدید کاری کی کوششوں اور آپریشنل حکمت عملیوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دیرینہ تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں جو سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی شعبوں میں مستحکم روابط رکھتے ہیں، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان خاص طور پر انسداد دہشت گردی اور پیشہ وارانہ تربیت کے میدان میں قریبی تعاون جاری ہے۔

یہ دورہ پاک برطانیہ پائیدار شراکت داری کی تصدیق کرتا ہے، دورہ دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے اور علاقائی اور عالمی امن کیلئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی توثیق کرتا ہے۔