گورنر سردار سلیم حیدر

پاک فوج کا ملک میں امن اور معاشی استحکام میں کلیدی کردارہے’ گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کا ملک میں امن اور معاشی استحکام میں کلیدی کردارہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ملک کی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالیں، بلاول بھٹو زرداری واحد لیڈر ہے جس نے دنیا بھر میں مودی کو للکارا ہے،تاجر برادری، سیاسی رہنمائوں بالخصوص نوجوان اور طلبا کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سے پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرزسے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے لیڈر بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی سطح پر پاکستان کی جنگ جیتی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام کارکن اور سینئر رہنما اپنے گلے شکوے دور کرکے عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب بلاول بھٹو عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم بنیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت ضرور ہے مگر پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جس نے ملک کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پارٹی کے ورکرز اور کارکن اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں اگر کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی تو میں اپنے ورکرز کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔