راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو کی سعودی عسکری قیادت سے ملاقات میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران پاک فضائیہ اور رائل سعودی ایئر فورس کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔سعودی عرب آمد پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو رائل سعودی ائیر فورس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دورے کے دوران ائیر چیف کی سعودی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاک سعودی دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی مضبوط علامت قرار دیا گیا۔سعودی عسکری قیادت نے مشترکہ تربیت اور دفاعی تعاون میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کا عکاس ہے اور دفاع و ہوا بازی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔









