اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاک روس تعلقات میں پیشرفت، دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے لئے متعدد معاہدے طے پا گئے، ،دونوں ممالک کے درمیان توانائی، زراعت، مالیات،تجارت ، سرمایہ کاری اور کسٹم کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا، تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے بعد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا،
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدے کئے گئے، معاہدوں میں کسٹمز امور سے متعلق پاک روس تعاون بڑھانے کا معاہدہ ہوا،دونوں ممالک کے درمیان کسٹم سے متعلق ڈیٹا شیئرنگ کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے،پاکستان کی سول ایوی ایشن اور روس کی انٹرٹرانسپورٹ ایجنسی کے درمیان معاہدہ ہوا،پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورسردار ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے معاشی فوائد حاصل ہوں گے، توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیشرفت ہوئی، پاک روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا،دونوں ممالک کے درمیان توانائی، زراعت، مالیات،تجارت ، سرمایہ کاری اور کسٹم کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا، روس کو صوبائی اور قومی منصوبوں میں تعاون کی دعوت دیتے ہیں، تعلیم، ریلوے، صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ دونوں ممالک میں سائنس و ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک میں ریل اور روڈ انفراسٹرکچر کی ترقی کےلئے تعاون کا فیصلہ ہوا،تیل اور گیس انفراسٹرکچر کو باہمی فوائد کےلئے دیکھا جائے گا، روس اور پاکستان نے منصوبوں کےلئے فوکل پرسنز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر روسی وزیر توانائی نکولے شلگی نووف نے کہا کہ تیل اور گیس کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے، پاکستان کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گے، پاکستان میں برآمدی، صنعتی اور ڈیری کے شعبوں میں تعاون کریں گے، پاکستان کے ساتھ مختصر اور طویل ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے۔