لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر وصدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاک فوج ارض وطن کی حفاظت کیلئے ہمیشہ تیار ہے،پاک بھارت صورتحال بگڑی تو دشمن کے دانت کھٹے ہوں گے۔
عبدالعلیم خان سے این اے 117 سے سیاسی عمائدین کی بڑی تعداد نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیراحمد، ایم پی اے شعیب صدیقی، ملک زمان نصیب، میاں جنید ذوالفقار،ہارون عمران گل شامل تھے۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فوج ارض وطن کی حفاظت کیلئے ہمیشہ تیار ہے، 25 کروڑعوام کی سوہنی دھرتی کو اللہ تعالی ہمیشہ محفوظ رکھے گا۔
ہر گلی کوچے سے ”اے وطن تو نے پکارا” کے نعرے بلند ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی اپنی فوج سے دو قدم آگے کھڑا ہے۔ 60 برس قبل جمخانہ کلب میں چائے پینے کی خواہش کی طرح اب پھر ناکامی ہوگی۔ بھارت گزشتہ دو ہفتوں سے اپنے ہی گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ اقوام عالم میں تنہائی کے بعد اب جگ ہنسائی دشمن کا مقدر ہے۔ پاک فوج کو خداداد صلاحیتوں سے بھارت پر نفسیاتی برتری ہے۔
اس موقع پر مختلف یونین کونسلوں کے نمائندوں، سابق کونسلرز اور رہنمائوں نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔ آئی پی پی کے شعبہ خواتین اور سٹوڈنٹس فورم کے وفود نے بھی عبدالعلیم خان سے ملاقاتیں کرکے این اے 117 میں بے مثال ترقیاتی کاموں پر ان سے اظہار تشکر کیا۔