یوسف رضا گیلانی

پاک بھارت جنگ کے دوران ملٹری ،لیڈر شپ نے ایٹمی قوت ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا’ یوسف رضا گیلانی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،پاک بھارت جنگ کے دوران ملٹری ،لیڈر شپ نے ایٹمی قوت ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا،حکومت سے درخواست ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپوسنٹر لاہور میں دسویں بین الاقوامی سولرانرجی ایگزبیشن سے خطاب اور گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو سولر کے آرگنائزر زکو مبارکباد دیتا ہوں،سولر اور الیکٹرک گاڑیوں سے آلودگی کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں فتح پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتا ہوں،افواج پاکستان نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا،ساری سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر جنگ کوجیتا ہے،جس تحمل سے لیڈر شب اور افواج نے اسٹریٹجی اپنائی اس سے پوری دنیا میں امن کا پیغام گیا ہے ،پاک بھارت جنگ کے دوران ملٹری ،لیڈر شپ نے ایٹمی قوت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،یہ معاملہ میں نے بطور وزیر اعظم بھی اٹھایا تھا۔پہلگام واقعہ پر ہم نے بھارت کو کہا کہ تیسرے فریق سے تحقیقات کروا لیں،ہم نے اپنے درست موقف سے پوری دنیا کو قائل کیا، دنیا نے دیکھا اور ہمارے موقف کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے،میری حکومت سے درخواست ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔

پیپلزپارٹی کے (ن) لیگ سے تحفظات کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفاد کا سوچنا چاہیے،اب تحفظات کی بات ہماری کمیٹیوں کے اجلاس سے نکل کر ملکی سلامتی پر چلی گئی ہے۔