لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا،سیریز 29 جنوری سے شروع ہو گی۔
پاک آسٹریلیا ٹی 20 کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی جبکہ فیزیکل ٹکٹیں 19 جنوری بروز پیر سے دستیاب ہوں گی۔ ٹکٹیں ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔ پہلے میچ کی وی آئی پی انکلوژرز کی ٹکٹ 800 روپے جبکہ باقی دونوں میں 1000 روپے رکھی گئی ہے۔
پریمیم انکلوژرز کا ریٹ پہلے میچ میں 600 روپے ہو گا۔ دوسرے اور تیسرے میچ میں پریمیم انکلوژرز کا ٹکٹ 700 روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز کا ٹکٹ 500 روپے پہلے اور 600 روپے کا باقی دو میچز میں ملے گا۔ اسی طرح جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ کا ریٹ 400 اور 500 روپے ہو گا۔ اقبال اینڈ کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 1500 اور 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ جناح اینڈ وی آئی کا ٹکٹ 2000 اور آخری دو میچوں میں 2500 روپے کا ہو گا۔









