لاہور(زاہد انجم سے)پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں محکمہ صحت کے ملازمین کے مابین پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آ گیا ہے جس کے لئے صوبے کے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ایمپلائز نے نئی باڈی تشکیل دی ہے تاکہ اُن کے مسائل کو مربوط انداز میں پیش اور اُن کا حل تلاش کیا جا سکے۔
صوبائی دارلحکومت کے مینٹل ہسپتال میں منعقد ہونے والے اجلاس میں 36اضلاع کے ہسپتالوں کے عہدیداروں نے لاہور جنرل ہسپتال کے رانا پرویز کو بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب کر لیا ہے جبکہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے حکیم خان نیازی کو صوبائی چیئرمین کا عہدہ ملاہے، اسی طرح مینٹل ہسپتال لاہور کے غلام محی الدین صوبائی جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور ان تمام عہدیداروں کی ابتدائی طور پر مدت 2سال ہوگی جس کے لئے بعد ازاں تمام قوانین و ضوابط اور ایسوسی ایشن کے ضابطہ کار کی تیاری و منظوری عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر رانا پرویز نے بالخصوص لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ملازمین کا شکریہ اداکیا جنہوں نے اُن کے انتخاب پر اُن کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اُن کا بھرپور خیر مقدم کیا۔
پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن کے قیام اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر رانا پرویز اور دیگر عہدیداران کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب کا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تعداد کے حوالے سے خاصی اہمیت کا حامل ہے اور اُن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اس ایسوسی ایشن کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پنجاب کے ہسپتالوں میں نئے ملازمین کی بھرتی،سروس سٹرکچر میں بہتری اور سالہا سال سے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز پر دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو مستقل کروانے کے لئے آوازبلند کریں گے اور آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے ملنے والے حقوق کو یقینی بنانا اور اُن کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے یقین دلایا کہ انشاء اللہ یہ پلیٹ فارم ملازمین اور افسران کے مابین رابطے اور پل کا کردار ادا کرے گا جس سے ہماری محکمانہ کارکردگی میں مزید بہتری آئی گی۔