اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر پوری قوت سے جاری رکھے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر کے تاریخ کا سیاہ ترین باب رقم کیا۔ بھارتی افواج نے 1947 سے مقبوضہ وادی کو ظلم، جبر اور ریاستی دہشتگردی کے عقوبت خانے میں بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیلٹ گنز، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور خواتین کی تذلیل بھارتی مظالم کا لرزہ خیز مکروہ چہرہ ہیں۔محسن نقوی نے کشمیری شہدا ، حریت رہنماؤں، اسیران اور مظلوم خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر لوگوں نے بھارتی ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری نوجوان آزادی کی قیمت اپنی جانوں سے ادا کر چکے ہیں مگر جذبہ حریت آج بھی ماند نہیں پڑا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میڈیا بلیک آؤٹ، انٹرنیٹ بندش اور فوجی محاصرے نے وادی کو قید خانے میں بدل دیا ہے، جہاں ہر آواز دبائی جا رہی ہے۔
عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کے مظالم پر بارہا آواز اٹھا چکی ہیں مگر دنیا کی خاموشی انصاف کے عالمی نظام پر ایک سوالیہ نشان ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں واضح طور پر تسلیم کرتی ہیں کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے لیکن بھارت نے ان قراردادوں کو پامال کر کے نہ صرف عالمی قانون بلکہ انسانیت کی حرمت کو بھی مجروح کیا ہے۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے قول ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک جملہ نہیں بلکہ ہماری قومی تشخص کی علامت ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ظلم کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری عوام کی جدوجہد پاکستان کے دل کی دھڑکن ہے ۔