اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن یا حکومت پاکستان کی جانب سے 9 ستمبر کو ہاکی کا قومی دن قرار نہیں دیا گیا،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام ملحقہ یونٹس اس حوالہ سے کسی غیرمصقہ اور غیر مجوزہ سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی تنظیم سازی موجود نہیں، کسی غیر آئینی اور متوازی تنظیم کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے،غیر مجوزہ اور متوازی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی تنظیم سازی موجود نہیں اور نہ ہی آئینی طور پر اسکی اجازت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن آئینی طور پر ملک بھر میں ہاکی کی سرگرمیوں کے انتظام و انصرام کے حوالے سے واحد ادارہ ہے۔ انہوں نے 9 ستمبر کو ہاکی کا قومی دن قرار دینے کے حوالے سے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن یا حکومت پاکستان کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالہ سے قومی کھیل کی سرگرمی کو پلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں کسی غیر آئینی اور غیر مجوزہ سرگرمی کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائیگی اور نہ ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملحقہ یونٹس اس کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجوزہ ہاکی ایکٹوٹی میں ملوث ہونے والوں کے خلاف پاکستان ہاکی فیڈریشن سخت ڈسپلنری ایکشن لے گی۔