اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہاڑی سلسلے ہماری قومی شناخت اور قدرتی شان ہیں۔پہاڑ ملکی سکیورٹی، آبی استحکام اور ماحولیاتی توازن کا بنیادی ستون ہیں۔ پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمالیہ اور ہندوکش کے گلیشیئرز ملک کے آبی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔گلیشیئر کے تیز پگھلاؤ اور گلیشیئرز کے پھٹنے سے آنے والا سیلاب کے واقعات فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔پارلیمان ماحول دوست قانون سازی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
پہاڑوں کے تحفظ کے لیے جامع قومی حکمتِ عملی وقت کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کو ماحول کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے قدرتی حسن کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔پہاڑی سلسلے ماحولیاتی تنوع، پانی اور موسمی توازن کے ضامن ہیں۔پہاڑوں کی بقا ہمارے مستقبل، زراعت، خوراک اور روزگار سے جڑی ہے۔موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات پر بامقصد قانون سازی اور مؤثر پارلیمانی گفتگو کے لیے اقدامات جاری ہیں۔پہاڑی علاقوں کے مکین صف اول کے سپاہی ہیں، ان کو سہولیات اور تحفظ کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے جدید تحقیق اور سائنسی اقدامات کو فروغ دیا جائے۔پہاڑی علاقوں میں ماحولیاتی تنزلی روکنے کے لیے تمام اداروں کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانی ہوگی۔آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور صاف شفاف ماحول فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے۔پہاڑوں کا عالمی دن قدرتی امانتوں کے تحفظ کی یاد دہانی ہے۔









