اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم ابھی تک عمران خان ہے کیوں کہ وزیراعظم امپورٹڈ نہیں ہوسکتا ہے،ملک میں کرمنل وزیراعظم نے کرمنل وزیراعلی لگا دیا اور پاکستان تحریک انصاف امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتی ہے، ملکی امور میں مداخلت فوجداری مقدمات کا بڑا جرم ہے،مداخلت کا جرم تین مرتبہ قومی سلامتی کمیٹی میں مانا گیا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ صدر مملکت کے خط پرکمیشن مقررکیا جائے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹربابراعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دنیا کا ایٹمی ملک ہے اور مداخلت عام بات نہیں۔
بابراعوان کا کہنا تھا کہ ملکی آئین اظہار آزادی رائے کی اجازت دیتا ہے، کورکمیٹی کا فیصلہ ہے کہ تحریک انصاف کا کوئی رکن اسمبلی نہیں جائے گا اور اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے استعفے بھی قبول کرلئے تھے۔ معاشی پالیسی پرتنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس زہر کھانے کے پیسے نہیں تاہم وزیراعظم شہبازشریف ڈیزل کی قیمت بڑھانے کے فضائل بتاتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہوزری کی صنعت بیٹھ گئی اور بجلی کے بھی مسائل ہیں،عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ہوزری انڈسٹری کو زندگی دی تھی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جہاں شریف خاندان کی حکومت نہیں ہے وہاں ان کے خلاف مقدمات ہونے چاہئیں،خیبرپختونخوا میں بھی بہترین عدلیہ کا انتظام ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کےسارے فیصلے ایک پارٹی کے خلاف آتے ہیں، باقی پارٹیوں کو تو ریلیف ملتا ہے۔ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق انھوں نے کہا کہ کچھ نئے شواہد مل رہے ہیں اورحکومت سے عمران خان کی سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جواب دیا گیا کہ اس معاملے پرخط لکھیں تو ڈاکٹرشہباز گل نے خط لکھ دیا ہے۔