عظمی بخاری

پاکستان کے عوام مافیاازم کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام مافیاازم کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں، جب لاہور پانی میں تیر رہا ہوتا تھا اسوقت عوام کا خادم اعلی عوام کے درمیان ہوتا تھا، جب لاہور کا لکشمی چوک ڈوب رہا تھا عمران خان اس وقت کنٹینر پر کھڑا ارسطو پاٹ ٹو بن رہا تھا، پرچی ترجمان میڈیا پر آنے سے پہلے حقائق چیک کرلیا کریں، لکشمی چوک کا نکاسی آب منصوبہ شہباز شریف کا ہی ہے۔

مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران اور بزدار تین سالوں سے نواز اور شہباز کے منصوبوں پر تختیاں اور دوبارہ افتتاحی فیتے کاٹ رہے ہیں، شہبازشریف کے لمبے بوٹ اس لیے انکو ناپسند ہیں کیونکہ وہ ہر مشکل میں عوام کے درمیان ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور میوزیکل شوز کی پیداوار جماعت آج کس منہ سے پی ڈی ایم کے مارچ کی مخالفت کررہی ہے، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومتی ترجمان باولے ہوچکے ہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ کنٹینر اور بریانی آفر کرنے والا وزیراعظم آج لانگ مارچ کے اعلان سے خوفزدہ ہے ، عمران نیازی صاحب کنٹینر تیار رکھیں ،اب لانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنہ بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال دو فسادی کزنوں نے ملک بھر کی سڑکوں پر دھرنے دیے، عمران خان اور طاہر القادری نے کفن کے ساتھ ساتھ ڈی چوک میں قبریں بھی کھودوادی تھیں۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ایک کزن اپنی دیہاڑی لگا کر کینیڈا فرار ہوگیا اور دوسرا کزن قوم کی بوٹیاں نوچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیل قوم کو اتنی ہی مہنگی پڑ چکی ہے جتنا سلطنت روم کو نیرو جیسا نالائق حکمران پڑا تھا، آج پاکستان میں غریب کا چولہا ٹھنڈا پڑچکا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ تبدیلی اور مافیاز کے کسی کارندے کو بھاگنے نہیں دینگے سب کو ایک ایک چوری کا حساب دینا ہوگا۔